پاکستان کا نیا مواصلاتی سیٹلائٹ ایم ایم 1 30 مئی 2024 کو چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے لانچ کیا جائے گا۔ یہ سیٹلائٹ عوام کو مختلف فوائد فراہم کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے خلائی اور اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اعلان کیا ہے کہ پاک سیٹ ایم ایم 1 سیٹلائٹ 30 مئی 2024 کو چین کے شی چانگ سیٹلائٹ لانچ سینٹر (ایکس ایس ایل سی) سے لانچ کیا جائے گا۔
مشن سے عوام کو کیا سہولیات میسر ہوں گی؟
پاک سیٹ ایم ایم 1 سیٹلائٹ کو سپارکو اور چینی ایرو اسپیس انڈسٹری کے درمیان ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر تصور کیا گیا تھا،اس مشن سے پاکستان کی مواصلات اور رابطے میں بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکےگا۔ جدید مواصلاتی ٹیکنالوجی پر مبنی یہ سیٹلائٹ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور اسے ڈیجیٹل پاکستان میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
افتتاحی تقریب کراچی اور اسلام آباد میں سپارکو کے اداروں سے میڈیا کے لیے براہ راست دکھائی جائے گی۔ پاک سیٹ ایم ایم 1 سیٹلائٹ قومی خلائی پروگرام 2047 کا حصہ ہے، جس کا مقصد پاکستان کے مواصلاتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور ڈیجیٹل رابطے کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان اس سے قبل سیٹلائٹ آئی کیوب قمر شامل لانچ کر چکا ہے، جو چاند پر ملک کا پہلا سیٹلائٹ مشن تھا۔