اسلام آباد کی سیشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر کی چار مقدمات میں ضمانت کنفرم کر دی ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج محمد اعظم خان نے آزادی مارچ سے متعلق چار مقدمات میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران پولیس نے تمام مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ اسد قیصر کے وکیل نے دیگر ملزمان کے فیصلے عدالت میں پیش کیے۔ جج اعظم خان نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ کیا آپ کے پاس کہنے کے لیے کچھ ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔ بعد ازاں عدالت نے چاروں مقدمات میں اسد قیصر کی ضمانت کی کنفرم کردی۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ کے بعد سی ڈی 70 اور سی جی 125 کی نئی قیمت سامنے آگئی
واضح رہے کہ اسد قیصر کے خلاف تھانہ گولڑہ میں دو، کوہسار تھانے میں ایک اور انڈسٹریل ایریا تھانے میں ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت ڈرامہ کر رہی ہے اور اپنے اتحادیوں کو بھی سنبھال نہیں سکتی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جھوٹ بول کر عوام پر ٹیکس لگائے ہیں، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کے ایم این ایز بجٹ پر بولنا نہیں چاہتے۔ اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے خیبرپختونخوا میں بجلی پر ٹیکس لگا کر ناانصافی کی ہے، یہ غیر قانونی پارلیمنٹ ہے، عوام نے پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا ہے اور انہوں نے اسے دھوکہ دیا ہے۔