بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما ٹی 20انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والےکھلاڑی بن گئے ۔
تفصیلات کے مطابق روہت شرما نے پاکستانی کپتان بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا۔ بھارتی کپتان نےیہ کارنامہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر8 مرحلے میں آسٹریلیا کے خلاف حاصل کیا۔روہت شرما نے گزشتہ روز کیریئر کی 149 ویں اننگز میں 73 واں رن لے کر بابر اعظم کو پیچھے چھوڑا۔ جب کہ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کی 116 اننگز میں 4145 رنز بنائے تھے۔ اس کے علاوہ روہت شرما ٹی ٹوٹی انٹرنیشنلز میں 200 چھکے لگانے والے پہلے بیٹر بھی بن گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو شکست د یکر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ بھارت کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم 181 رنز بناسکی اور اسے 24 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس ہار کے بعد کینگروز کا سیمی فائنل میں پہنچنے کا سفر کافی مشکل ہوگیا۔ آسٹریلوی ٹیم ایک صورت میں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر سکتی ہے اگر گروپ 1 میں بنگلہ دیش اور افغانستان کے میچ میں افغان ٹیم کی شکست ہو۔
سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان مچل مارش نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی ۔ اس میچ میں بھار تی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ آسٹریلیا اپنے تجربہ کار بولر مچل اسٹارک کو واپس لایا۔ آسٹریلیا کیخلاف بھارت کا آغاز کیا تو ، تجربہ کار بیٹر ویرات کوہلی صفر پر میدان بد ر ہو گئے ۔ ان کی وکٹ گرنے کے بعد بھارتی کپتان کپتان روہت شرما نے آسٹریلوی بولرز کو تگنی کا ناچ نچایا ۔
انہوں نے 41بالوں پر 92رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں ان کے 8بلند و بالا چھکے اور 7چوکے شامل تھے ۔ رشبھ پنت 15، سوریا کمار یادیو 31 اور شیوم دوبے 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ہاردک پانڈیا 27اور جڈیجا 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کر دیا۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارکس اسٹوئنس اور مچل اسٹارک نے 2 ،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔
بھارت کے 206 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کینگروز کا آغاز بھی اچھا نہ تھا،ڈیوڈ وارنر 6 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے ۔ ان کی وکٹ گرنے کے بعد ٹریوس ہیڈ اور کپتان مچل مارش نے جارجانہ اننگز کھیلی اور آسٹریلیا کو جیت کی امید دلوائی لیکن پھر مارش 37 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ۔
گلین میکسویل 20 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ ٹریوس ہیڈ نے جارحانہ عمدہ اننگز کھیلی اور وہ بھی 76 رنز بناکر میدان سے چلتے بنے ۔ مارکس اسٹوئنس نے 2،ٹم ڈیوڈ 15 اور میتھو ویڈ ایک رن بناسکے۔ یوں آسٹریلیا کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی۔ اس جیت کے ساتھ ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے والی بھارتی ٹیم گروپ 1 سے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔