معروف گلوکار و اداکار عون علی خان کی شوبز سرگرمیوں میں اضافہ، گلوکاری و اداکاری کے ساتھ ماڈلنگ کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا۔ نامور ڈیزائنر کے تیار کردہ ملبوسات کے لیے فوٹو شوٹ میں ماڈلنگ کی تصاویر سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق نامور گلوکار عون علی خان نے گزشتہ دنوں اپنا نیا گانا “رانجھا بن بیٹھے” بھی ورلڈ وائڈ ریلیز کیا جس کو سوشل میڈیا اور میوزک کے دلدادہ افراد کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ ان کے گانے دیکھنے والوں کی تعداد ملینز میں پہنچ چکی ہے۔ گلوکار عون علی خان ان دنوں مذاق رات سیزن ٹو میں بطور گلوکار ڈے جے اپنی بہترین پرفامنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جسے پاکستان سمیت ہمسایہ ملک کے شائقین سے بھی خوب داد حاصل ہو رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عون علی خان کا کہنا تھا کہ جہاں میوزک پروجیکٹس جاری ہیں وہیں دو فیچر فلمز کبیر اور’تیرے پیار نو سلام‘ میں بھی بطور اداکار مرکزی کردار نبھارہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کو تمام میڈیم میں اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ جہاں فلموں میں کام کرنے کی مزید آفرز مل رہی ہیں، وہیں ڈرامہ پروجیکٹس کے لیے بھی رابطے کئے گئے ہیں۔ جلد ٹی وی ڈراموں میں بھی کام کروں گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر موسیقی کی بات کی جائے تو میری فیملی کا گہرا تعلق میوزک انڈسٹری سے ہے۔ میری فیملی کی سپورٹ اور مداحوں کی دعاؤں سے آج اس مقام پر پہنچا ہوں۔ جلد گلوکارہ شازیہ منظور کے ساتھ ایک مشترکہ گانا بنانے کا ارادہ ہے، جس کے لیے تمام تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دیگر شوبز سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ پروجیکٹس بھی جاری ہیں ،جن میں مختلف فیشن ڈیزائنرز کے ساتھ بطور ماڈل حصہ لے رہا ہوں۔