(سید ذیشان)
سول سیکرٹریٹ پشاور اور خیبرپختونخوا کے متعدد سرکاری دفاتر میں غیر قانونی بجلی اور گیس کا کثرت سے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ غیر قانونی گیس اور بجلی استعمال سے خزانہ کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے جبکہ آئے روز آگ لگنے کے واقعات بھی رونما ہو رہے ہیں ۔ بجلی کے غیر قانونی استعمال کو روکنے اور سول سیکرٹریٹ سمیت دیگر سرکاری دفاتر میں بجلی کا مناسب استعمال کرنے کیلئے محکمہ انتظامیہ خیبرپختونخوا نے سول سیکرٹریٹ اور سرکاری دفاتر کے اسسمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے لئے تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈی جی ریسکیو اور متعلقہ حکام کو خط ارسال کردیا ہے۔ خط کے مطابق بجلی اور گیس کی ورک لوڈ اسسمنٹ کی جائے تاکہ بجلی اور گیس کے جاری غیر قانونی استعمال کو روکا جاسکے۔
خط کے مطابق توانائی بحران اور آئے روز آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے یہ اقدام انہتائی ضروری ہے۔دستاویز کے مطابق 9 جون 2024 کو محکمہ کھیل، امور نوجوانان، ثقافت و سیاحت میں بھی آگ لگنے کا واقع پیش آیا تھا جو نقصان کا باعث بنا۔ ذرائع کے مطابق نہ صرف محکمہ کھیل بلکہ سیکرٹریٹ میں پیش آنے والے حالیہ واقعات کا چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے نوٹس لیا ہے اور ان واقعات کی روک تھام کی ہدایات جاری کی ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ سرکاری دفاتر میں ایسے ملازمین بھی ہیں جنہیں قانونی طور ائیر کنڈیشنر کے استعمال کی اجازت نہیں لیکن پھر بھی وہ اس کا بے دریغ استعمال کر رہے ہے۔ بجلی اور گیس کا سرکاری دفاتر میں غیر ضروری اور غیر قانونی استعمال کو روکنے کے محکمہ انتظامیہ نے 5 رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی غیر قانونی طور پر دفاتر میں لگے ائیر کنڈیشنرز کی نشاندہی کرے گی، اس کے ساتھ ساتھ کس ڈیپارٹمنٹ میں بجلی کا ورک لوڈ کتنا ہے اس کی نشاہدہی بھی کمیٹی کے ذمے ہے۔
کمیٹی کو یہ بھی ٹاسک حوالے کیا گیا کہ شارٹ سرکٹ اور آگ لگنے کے واقعات کی روک تھام کے لیے مناسب پلان تیار کیا جائے۔ تشکیل ہونے والی کمیٹی فائر الارم سسٹم اور آگ بجانے کے آلات کی موجودگی یا عدم موجودگی کا جائزہ لے گی اور رپورٹ متعلق حکام کو ارسال کرے گی۔ ذرائع کے مطابق 2022 میں بھی کمیٹی نے سفارش کی تھی کہ غیر قانونی طور پر ائیر کنڈیشنرز کا متعدد محکموں میں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے حد سے زیادہ لوڈ بڑھ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق اس وقت یہ سفارش کی گئی تھی کہ پیڈو کے اہلکاروں کو طلب کرکے سولر سسٹم کی جانچ پڑتال کی جائے تاکہ معلوم ہوسکے کہ سول سیکریٹریٹ اور سرکاری دفاتر میں لگا سولر سسٹم کتنا مفید ہے اور اس سے لوڈ مینجمنٹ میں کس طرح مدد مل رہے ہیں۔