سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی چھوٹا فیصلہ نہیں، پیپلز پارٹی غیر جمہوری اقدام میں (ن ) لیگ کا ساتھ نہیں دے گی ۔
تفصیلات کے مطابق شیری رحمان کا نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پی پی پی میں ابھی تک تحریک انصاف پر پابندی کے فیصلہ سے متعلق مشاورت نہیں ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ ابھی ہمارے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پارٹی ممبرز بھی نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے معاملے پر(ن )لیگ کو عدالت میں دلائل بھی سننے ہوں گے ۔ ملک میں بحرا نی دور ہے ناپ تول کر قدم رکھنا چاہیے ۔ شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی صرف اسٹیبلشمنٹ سے بات کرناچاہتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان سے منسوب بیان کی قانون نکتہ نظر سے کوئی وقعت نہیں، لطیف کھوسہ
دوسری جانب اسی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا ءتارڑکا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) پرپابندی کے لیے ثبوت اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں ، پیپلز پارٹی سمیت اتحادیوں اورقانونی ماہرین سے مشاورت ہورہی ہے، پیپلز پارٹی کا اس بارے میں ہم سے مکمل اتفاق ہے، صد رمملکت آصف علی زرداری کا بڑا حوصلہ افزارد عمل ہے ، اس حوالے سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔