امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن حماس لیڈر اسماعیل ہنیہ شہید کی نماز جنازہ کیلئے قطر روانہ ہوگئے۔ حافظ نعیم الرحمٰن شہید اسماعیل ہنیہ کی نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے فوراََ بعد پاکستان واپس آئیں گے اور دھرنا گاہ پہنچیں گے۔
حماس لیڈر اسماعیل ہنیہ کو دو روز قبل ایران میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے۔ شہید اسماعیل ہنیہ کے بہیمانہ قتل کی پوری اسلامی دنیامذمت کر رہی ہے ، اس حوالے سے حکومت پاکستان نے بھی آج ملک بھر میں سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی کی قیادت میں راولپنڈی میں جماعت اسلامی نے ایک ہفتے سے مہنگائی کیخلاف دھرنا دے رکھا ہے، گزشتہ شب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھتی تھی کہ ہم دو روز بیٹھ کر واپس چلے جائیں گےلیکن ہم مطالبات منوانے آئے ہیں اور مطالبات پورے ہونے تک کہیں نہیں جائیں گے۔