وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ حکومت کہیں نہیں جارہی، میڈیا پر محض جھوٹا پراپگینڈا ہورہاہے۔ قبل از وقت انتخابات ہونے ہوئے تو فیصلہ حکومت کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ 9مئی کا شاخسانہ حل ہونے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔9مئی کے کیسز کے فیصلے جس طرح ہونے چاہئے تھے ویسے نہیں ہورہے۔ 9مئی میں ملوث لوگوں کو آج بھی قانون کا سہارا مل رہا ہے۔
مزید پڑھیں: انتخابات میں ہماری اکثریت تسلیم کرنے تک حکومت یا فوج سے کوئی تصفیہ نہیں ہوگا: عمران خان
وزیر دفاع نے کہا کہ اس قسم کا کوئی بھی چانس نہیں کہ 9مئی کو بھولا جاسکے۔ 9مئی کو ایک گروہ نے منظم سازش کرکے بغاوت کرنے کی کوشش کی اور ناکامی ہوگئی۔ وہ بغاوت پاکستان کی افواج کے اتحاد کیخلاف تھی۔ وہ بغاوت ایک شخص نے برپا کی جواپنا اقتدار کھو چکا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نئیر حسین بخاری کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے ۔ پیپلزپارٹی کی لیڈر شپ ہر معاملے میں ہمارے ساتھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہیں نہیں جارہی۔ میڈیا پر جھوٹا پراپیگنڈا ہورہا ہے۔ موجودہ حالات نئے انتخابات کی کوئی ڈیمانڈ نہیں کرتے، قبل از وقت انتخابات ہونے ہوئے تو فیصلہ حکومت کرے گی۔