پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 11 معطل اراکین کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے 11 معطل اراکین کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری

اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے پارلیمانی اخلاقیات کو بہتر بنانے کی جانب اہم اقدام اٹھا لیا۔

اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے درمیان باہمی احترام اور مؤثر گورننس کو فروغ دینے کے لیے کمیٹی برائے اخلاقیات کا اہم اجلاس ہوا۔ پنجاب اسمبلی کی کمیٹی برائے اخلاقیات کے اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی۔ اجلاس میں اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے 11 معزز اراکین نے شرکت کی۔

کمیٹی نے متفقہ طور پر اپوزیشن کے 11 معطل اراکین اسمبلی کو بحال کرنے کی سفارش کی۔ اسمبلی سیکرٹریٹ نے کمیٹی کی سفارش پر اپوزیشن کے 11 معطل اراکین اسمبلی کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اخلاقیات کی کمیٹی کو ایوان کی مستقل کمیٹی کے طور پر قواعد و ضوابط کا حصہ بنایا جائے گا۔

یہ کمیٹی اراکین کے طرزِ عمل کی غیرجانبدار اور شفاف بنیاد پر نگرانی کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ اجلاس میں ایوان کی کارروائی میں کسی بھی رکن کی تضحیک اور بدنامی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے پارلیمانی حقوق اور روایات کے تحفظ کو یقینی بنائے جانے پر اتفاق ہوا۔

کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اسمبلی کی کارروائی کے دوران کسی رکن کو فحش، نازیبا الفاظ کے استعمال اور گالم گلوچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ خواتین اراکین اسمبلی کے بارے میں ہتک آمیز الفاظ پر پابندی لگانے اور ان کے احترام کو یقینی بنانے پر متفقہ طور پر اتفاق ہوا۔کمیٹی نے ماضی میں ہوئے ایسے واقعات کی شدید مذمت کی اورا سپیکر کے احترام اور وقار کے تحفظ کی یقین دہانی کروائی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *