پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرنے کہا ہے ہماری جنگ شروع ہوگئی ، اب ہم مزاحمت کی جانب جارہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اسد قیصر کا کہنا تھاکہ سینیٹ میں کے پی کے کی نمائندگی نہ ہو یہ کیسا اتفاق ہے، بلوچستان میں اس وقت حالات اتنے خطرناک ہیں کہ عملی طور پر حکومت کی رٹ ختم ہو چکی ہے۔
ان کا پارٹی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ اب ہماری جنگ شروع ہوگئی ہے، اب ہم مزاحمت کی طرف جا رہے ہیں، آئین اورقانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کریں گے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے کے لئے پوری راولپنڈی ڈویژن کو سیل کیا گیا، کنٹینرزکھڑ ے کرکے توہین عدالت اور قانونی کی خلاف ورزی آپ نے کی ہے، اسلام آباد جلسے کے حوالے سے ہمیں کمشنر اور پولیس آفیشل کیخلاف عدالت سے رجوع کرنا چاہیے ۔
یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا میں ادویات سکینڈل، خزانے کو اربوں کا ٹیکہ، ذمہ دار کون؟
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ اپنی حدود سے باہر جانے والے اداروں کو روکنا ہوگا۔یہ ادارے ہمارے بچوں کا مستقبل تباہ کرنے جا رہے ہیں، تمام ادارے اگر قانون کے اندر ہوں وہ ہمارے لئے قابل احترام ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ پختونخوا کے ورکرز مایوس ہیں، ہم عدالتوں کے علاوہ سڑکوں ہر بھی نکلیں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ساتھیوں کی رہائی ہمارا پہلا مطالبہ ہے۔