امریکی معاشی جریدے بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اقتصادی اور معاشی اشارے کافی مثبت آرہے ہیں۔
بلوم برگ کے مطابق 100 انڈیکس ایک دہائی کی سب سے زیادہ بیرونی خریداری پر بند ہونے کے باعث 2024 میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی بہترین مارکیٹ رہی ہے۔ بلوم برگ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں برس بیرونی خریداری اور بہتر معاشی اشاروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رجحان مثبت کیا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بیرونی فنڈ نے رواں سال 8.7 کروڑ ڈالر مالیت کے شیئرزخریدے ہیں جو کہ ایک مثبت اشارہ ہے۔
مزید پڑھیں: ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوگئی
آج بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی کا رجحان ہے، جمعہ کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 770 پوائنٹس اضافے سے 82 ہزار کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق جمعہ کی صبح تقریبا 10 بج کر 49 منٹ پر کے ایس ای-100 انڈیکس 770 پوائنٹس یا 0.95 فیصد بڑھ کر 82 ہزار 229 پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 81 ہزار 459 پر بند ہوا تھا۔
چیس سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے اس رجحان کو گزشتہ روز حکومتی بانڈز کے شرح منافع میں کمی سے منسلک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹ توقع کر رہی ہے کہ مہنگائی اور شرح سود میں تیزی سے کمی ہوگی۔