وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں غنڈہ گردی کا کوئی امکان نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر برستے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو کل مایوسی کا سامنا کرنا پڑا کیوں کہ وہ پارٹی جلسے کے لئے لوگوں کو اکٹھا کرنے میں ناکام رہی، یہ صوبے کے عوام کی طرف سے مریم نواز کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ علی امین گنڈا پور عوامی اجتماع میں نہیں پہنچے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے کہا تھا کہ وہ کے پی کےمیں واپسی پر بیان دیں گے، لیکن وہ بھول گئے کہ انہیں عوامی اجتماع کے دوران بیان دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم غنڈوں سے نمٹنا اور قانون کو نافذ کرنا جانتے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈا پور پر وفاق کے خلاف سازش کرنے پر تنقید کی تھی ۔
چیف منسٹر کے پی علی امین گنڈا پورپر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہاکہ علی امین گنڈا پور کی افغان قونصل جنرل سے ملاقات وفاق کیخلاف کھلی بغاوت تھی۔ انہوںنے سوال کیا ۔ علی امین گنڈا پور یہ سب کیوں کر رہے ہیں؟ علی امین گنڈا پور کو کون ہدایات دے رہا ہے؟ ۔
عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جس پارٹی نے بدامنی پھیلا رکھی ہے وہ اب 2014 کے احتجاج کے سیکوئل کو دہرانے کی کوشش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کا عوامی اجتماع اور افغان قونصل جنرل کے ساتھ علی امین گنڈا پور کی ملاقات اگلے مہینے میں مہم جوئی کی منصوبہ بندی کی نشاندہی کرتی ہے ۔