لاہور ٹریفک پولیس نے 100 سے زائد ای چلان نادہندہ گاڑیوں کےخلاف ایکشن لیتے ہوئے منفرد حکمتِ عملی مرتب کی ہے جس کے تحت ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ،ویری فیکشن و دیگر 14 سہولیات حاصل نہیں کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان کے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر لائحہ عمل طے کرتے ہوئے کاروائی کا آغاز کیا ہے اور اس حوالے سے پہلے مرحلہ میں 100 سے زائد ای چالان گاڑی مالکان کو نوٹسسز جاری کئے گئے ہیں اورگذشتہ روز اے ایچ الیکٹرنکس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق اے ایچ الیکٹرانکس کے نام رجسٹرڈ متعدد گاڑیوں نے 1319 مرتبہ ای چالان کیخلاف ورزیاں کی ہیں اور نجی کمپنی لاکھوں روپے مالیت کی ای چالان نادہندہ ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب پولیس کا کرمنلز سے نمٹنے کےلئے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ، جیل روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ، فیروز پور روڈ، وحدت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر ٹیمیں بھی موجود ہونگی اور ای چالان نادہندہ گاڑی مالکان پولیس سروسز حاصل نہیں کرسکیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاور عمارہ طاہر نے کہا ہے کہ ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس،کریکٹر سرٹیفکیٹ،ویری فیکشن و دیگر 14 سہولیات میسر نہ ہوگی۔انہوں نے واضح کیا کہ سیف سٹی پنجاب اور پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا ہے اور ایک مربوط سسٹم تشکیل دیدیا گیا ہے۔ دوسری جانب شہر میں لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک سگنل،لین لائن، دھواں چھوڑنے،ون وے ٹریفک سمیت 19 خلاف ورزیوں پر ای چالان کئے جارہے ہیں۔