لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے اپنے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی تصدیق کردی۔
حزب اللہ کے مطابق شیخ حسن نصراللہ کی شہادت اسرائیل کے بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر پرحملے میں ہوئی۔اسرائیلی حملے میں نصر اللہ سمیت میزائل یونٹ کے سربراہ اور ان کے نائب کی ہلاکت کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
حسن نصر اللہ کون تھے؟
حسن نصر اللہ نے 1992 میں حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل کے طور پر عہدہ سنبھالا، جب ان کے پیشرو عباس الموسوی کو اسرائیلی گن شپ ہیلی کاپٹر کے حملے میں شہید کیا گیا۔ انہوں نے عراق کے شہر نجف میں سیاست اور قرآن کی تعلیم حاصل کی، جہاں امل ملیشیا کے رہنما سید عباس موسوی سے ملاقات ہوئی۔
حسن نصر اللہ نے لبنان کی خانہ جنگی کے دوران امل تحریک میں شمولیت اختیار کی اور بعد میں حزب اللہ میں شامل ہو گئے۔ ان کی قیادت میں حزب اللہ ، اسرائیل کے خلاف ایک اہم مزاحمتی قوت کے طور پر ابھری ۔
حالیہ دنوں میں حماس کے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے کے بعد حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں میں اضافہ ہوا۔حسن نصر اللہ کی شہادت خطے میں نئی کشیدگی کو جنم دے گی۔