اسلام آباد: شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران شہر میں شادی ہالز، ریسٹورنٹس اور کیفے بند کرنے کی خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق وفاقی حکومت یا ان کی جانب سے ایسا کوئی حکمنامہ جاری نہیں کیا گیا۔ شادی ہالز کو ٹریفک پولیس کے روٹ پلان کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دینے کی اجازت ہوگی۔ تاہم اجلاس کے روٹ پر کسی بھی قسم کی آمدورفت پر پابندی برقرار رہے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
خیال رہے کہ صبح جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے پیش نظر 12 سے 16 اکتوبر کے دوران شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند ہونے کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی تھیں ۔
اس سلسلے میں 12 سے 16 اکتوبر کے دوران شادی ہال، کیفے، ریسٹورنٹ اور اسنوکر کلب بند کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں ۔ جبکہ دونوں شہروں میں 14 سے 16 اکتوبر تک عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔