پاکستان تحریک انصاف نے آج رات 9 اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ آج رات غداری کرنیوالے 9 اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گےاور ان 9 لوگوں سے وضاحت طلب کی جائیگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان سے غداری کی کوئی بھی وجہ نہیں بنتی، عمران خان سے غداری کرنیوالوں کو ڈی سیٹ کرنا چاہئے۔ اگر ڈی سیٹ نہیں کریں گے تو ہماری وفاداریوں کا کیا صلہ ہے۔ اگر غداری کرنیوالوں کو ڈی سیٹ نہ کیا تو پھر وفاداری کا کوئی صلہ نہ ہوا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے 26ویں آئینی ترمیم کیخلاف احتجاج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم آزاد عدلیہ پر حملہ ہے، ہم احتجاج کے دوران اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے اور اس وقت تک واپس نہیں پلٹیں گے جب تک کہ ان سے جان نہیں چھڑوالیتے۔ بس عمران خان سے میٹنگ کی دیر ہے۔
انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کیساتھ ملاقات کے بعد احتجاج کریں گے اور ساراپاکستان بلاک کریں گے۔ احتجاج کیلئے پورے ملک سے لوگ آئیں گے، فائنل احتجاج کا ایک بڑا پلان بنائیں گے اور پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔ احتجاج کے دوران جسے جہاں رکاوٹیں ملیں گی تو وہیں پر ہی احتجاج جاری رکھے کیونکہ رکاوٹیں عبور کرنا ہر کسی کیلئے ممکن نہیں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج حکومت سے جان چھڑانے تک جاری رہے گا، اس کے علاوہ آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکالیں گے کیونکہ جو شخص عمران خان کی پارٹی کی پیٹھ میں چھرا گھونپے گا وہ غدار ہے اور ہمیشہ غدار ہی رہے گا۔کوئی فرق نہیں پڑتا اس کاباپ کون ہے۔