پاکستان تحریک انصاف کے اتحادی اور مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے خیبرپختونخوا حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔
انہوں نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں میں کوئی فرق نہیں، دونوں صوبائی حکومتیں فسطائیت کے عمل میں شامل ہیں یا اس پر خاموش ہیں۔
سینیٹر راجہ ناصر عباس نے سوال اٹھایا کہ صوبائی حکومت کرم ایجنسی میں قیام امن میں کیوں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امن کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکی ہیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے ہونے والی ملاقاتوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر کرم ایجنسی کے راستے نہ کھولے گئے تو ملک بھر میں احتجاج ہوگا اور اگر حالات بہتر نہ ہوئے تو پشاور میں دھرنا دیا جائے گا۔ غزہ کی جنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ لبنان پر اسرائیل کی فوج نے حملہ کیا ہے لیکن اسرائیل کی فوج کی حقیقت یہ ہے کہ وہ لڑ نہیں سکتی بلکہ اسلامی مزاحمت اس کے خلاف لڑ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کے خون کی ہولی کھیلتا ہے جبکہ مسلمان ممالک تماشہ دیکھ رہے ہیں۔ سینیٹر راجہ ناصر عباس نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران پر ناکام حملہ کیا، جس کی مذمت سب سے پہلے سعودی عرب نے کی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں حزب اللہ نے اسرائیل پر 45 حملے کیے ہیں۔ یہ جنگ صرف غزہ کی نہیں، بلکہ پورے عالم اسلام کی جنگ ہے اور ایک مٹھی بھر لوگ اسرائیل کے عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔