پاکستان تحریک انصاف کا اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا ،جس میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی نے جوڈیشل کمیشن کا حصہ بننے کی اُصولی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق عمر ایوب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں 26ويں آئينی ترمیم، ملکی سیاسی صورت حال، بانی پی ٹی آئی کے خلاف کیسز کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے علاوہ تحریک انصاف کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول سمیت احتجاجی تحریک کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔
اجلاس ختم ہونے کے بعد عمر ایوب کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پرنٹنگ پریس لگالیں،جتنی ترمیمیں چھاپنی ہیں چھاپ لیں، یہ جعلی اسمبلی ہے، ہاؤس مکمل نہیں ہے۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی صدارت میں ہونیوالے پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اجلاس سے ممبر قومی اسمبلی اسلم گھمن کوباہرنکال دیا گیا۔ پارٹی کے مطابق اسلم گھمن کو پہلے شوکاز نوٹس کا جواب دینا ہوگا۔
اس فیصلے کے بعد اسلم گھمن اجلاس سے نکل کر باہر روانہ ہوگئے۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 26ویں آئینی ترمیم میں فلور کراسنگ کے معاملے پر اپنے مشکوک ارکان کو شوکاز نوٹس جاری کئے تھے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے شوکاز نوٹس ان ارکان کو جاری کیے گئے تھے جو مبینہ طور پر غائب ہو ئے۔
یہ بھی پڑھیں: 26 ویں آئینی ترمیم میں غلطیاں،حکومت 27 ویں ترمیم ضرورلائیگی : بیرسٹر علی ظفر
پارٹی نے ارکان کو آخری موقع دینے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کیا تاکہ وہ اپنی صفائی پیش کر سکیں۔ جن اراکین کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیاتھا ان میں سینیٹر زرقا تیمور، سینیٹر فیصل سلیم، اسلم گھمن،زین قریشی، ریاض فتیانہ، مکداد علی اور دیگر شامل ہیں۔