اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے شناخت پریڈ پر بھیجے گئے 532 ملزمان کی درخواست ضمانتیں منظور کرلیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ملزمان کی درخواست ضمانتوں پر سماعت کی۔ ملزموں کی جانب سے انصر کیانی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ملزموں کو 20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے 28 ملزمان کومقدمے سے ڈسچارج کردیا تھا۔ دوسری جانب پشاور کی دہشتگردی عدالت نے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش، سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، سابق ناظم ضلع پشاور محمد عاصم خان اور ضلعی صدر پی ٹی آئی عرفان سلیم سمیت دیگر کو بری کردیا ہے۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے 9 مئی کو ہنگامہ آرائی کے واقعات کے کیس میں سابق صوبائی وزرا تیمور جھگڑا، کامران بنگش، ارباب عاصم خان، پی ٹی ائی رہنما عرفان سلیم سمیت دیگر کو بری کردیا گیا۔
مذکورہ پی ٹی ائی رہنماوں کے خلاف 9 مئی واقعات کے سلسلے میں تھانہ خان رازق میں ایف آئی آر درج کرلئے گئے تھے۔ ارباب شیرعلی، صوبائی وزیرمینا خان آفریدی، یونس ظہیر، ایم پی اے فضل الہی سمیت تمام ملزمان کو بری کردیا۔ واضح رہے ایف آئی آر نمبر 433 میں نامزد تمام افرادکو عدم ثبوت پر بے قصور ٹھراکر بری کردیئے۔