مستونگ میں دھماکہ، اسکول کے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

مستونگ میں دھماکہ، اسکول کے بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق

مستونگ میں گرلز ہائی اسکول کے قریب بم دھماکے کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکا سول اسپتال چوک پر ہوا، جہاں زیادہ تر زخمی اسکول کے بچے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کا نشانہ پولیس موبائل تھی لیکن ایک اسکول کی وین بھی دھماکے سے شدید متاثر ہوئی۔

دھماکے کے نتیجے میں 3 بچے اور ایک پولیس اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ 2 زخمی بچے اور ایک زخمی راہگیر دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گئے، جس سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی۔

پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے کے مقام پر موجود پولیس موبائل مکمل طور پر تباہ ہو گئی جبکہ دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے محکمہ داخلہ بلوچستان سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سکیورٹی فورسز موقع پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو طلب کر لیا گیا ہے۔

کوئٹہ کے سول اسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال اور ٹراما سینٹر میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *