دیوالی کے موقع پر سندھ اسمبلی کے قانون سازوں نے مذہبی اقلیت کے لیے دلی خواہشات اور یکجہتی کا اظہار کیا اورسندھ اسمبلی کیجانب سے ہندو برادری کو پرتپاک مبارکباد پیش کی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی اجلاس کے دوران، جماعت اسلامی کے قانون ساز محمد فاروق نے اپنی جماعت کی جانب سے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد پیش کی۔ایم کیو ایم کے صابر قائم خانی نے بھی ہندو برادری کو دیوالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ رکن اسمبلی شبیر قریشی نے بھی اپنی پارٹی کی طرف سے ہندوؤں کو دیوالی کی مبارکباد دی۔
پیپلز پارٹی کے نثار احمد کھوڑو نے دیوالی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مواقع بہت سی یادیں تازہ کر دیتے ہیں۔ انہوں نے اقلیتی برادری سے استدعا کی کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو یاد رکھیں اور انہیں خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے جھنڈے کا سفید حصہ ملک کی اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ صرف ایک دیوار مسجد اور مندر کو الگ کرتی ہے، جو تمام مذاہب کے اتحاد اور احترام کی علامت ہے۔ انہوں نے ہر فرد کی عزت کرنے کے فرض پر زور دیا اور کہا کہ وہ دیوالی منانے میں ہندو برادری کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ۔نثار احمد کھوڑو نے مزید کہا کہ سندھ کو اپنی مذہبی رواداری اور شمولیت کی روایت پر فخر ہے۔