پاکستان نے 22 سال بعد آسٹریلیا کو اس کی سرزمین پرون ڈے سریز میں شکست دے کر شائقین کرکٹ کو تحفہ دیدیا۔
شاندار فتح کے بعد قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ ہمارے لیے سیریز جیتنا قابل فخر ہے، جیت کا سارا کریڈٹ فاسٹ بالرز کو جا تا ہے۔ پاکستان شائقین ہر وقت ہمیں بہت پیار دیتے ہیں۔انہوں نے اوپننگ جوڑی صائم ایوب اور عبداللہ شفیق کی بھی تعریف کی جنہوں نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پاکستانی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔
واضح رہے کہ محمد رضوان آسٹریلیا کو اس کے گرائونڈ پرون ڈے سیریز میں شکست دینے والے دوسرے پاکستانی کپتان بن گئے ہیں۔
صدر مملکت ، وزیراعظم ، وفاقی وزیر علیم خان ، وزیراعلیٰ سندھ، وزیراعلیٰ پنجاب اور چئیرمین پی سی بی محسن نقوی کی جانب سے قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی گئی ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم اس جیت کی مستحق تھی۔
چیئرمین پی سی بی نے خصوصی پیغام میں کہا کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جیت پر تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کو سراہا جانا چاہیے کیونکہ یہ ایک شاندار اور تاریخی فتح ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے فیلڈنگ، بولنگ اور بیٹنگ میں مکمل طور پر آسٹریلیا کو آؤٹ کلاس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں اور 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی عمدہ بولنگ نے آسٹریلیا کو کم سکور پر آؤٹ کرنے میں اہم کردار ادا کیاجبکہ صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے ایک بار پھر ذمہ داری سے بلے بازی کی اور فتح دلائی۔
انہوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی بیٹنگ بھی سراہا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ان کا یقین ہے کہ جذبے، محنت اور عزم سے کیے گئے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے اور اس کامیابی نے پوری قوم کو خوشی سے سرشار کیا ہے۔