ریاض: وزیراعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر برائے سرمایہ کاری عزت مآب خالد بن عبدالعزیز الفالح ملاقات ہوئی جس میں اقتصادی تعاون بڑھانے پر مفید بات چیت ہوئی اور مستقبل میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ اسی طرح فیوچر انوسٹمنٹ انیشی ایٹو فورم کی سائیڈ لائینز پر سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان سے ملاقات انتہائی مفید رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپ کا حالیہ دورہ ئے پاکستان، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل تھا۔ وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری کے دورہ ئے پاکستان میں تعاون کی 2.8 ارب ڈالر کی جن مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہونے اور ان میں سے 8 پر کام شروع ہونے پراطمینان کا اظہار
کیا۔ وزیراعظم نے عرب، اسلامک ممالک کے غیر معمولی سربراہی اجلاس کے انعقاد پر سعودی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب کے ویژن 2030 کی حمایت کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا اور ویژن 2030 کے حوالے سے سعودی قیادت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ عودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار کر رہے ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔