دنیا کی سب سے بڑی اور مشہور کرپٹو کرنسی بِٹ کوائن نے بدھ کے روز 94 ہزار ڈالر کی حد عبور کرلی۔
تفصیلات کے مطابق آج بِٹ کوائن 94,078 ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ یہ اضافہ اُس وقت ہوا جب ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سوشل میڈیا کمپنی کرپٹو ٹریڈنگ فرم کو خریدنے کے لیے بات چیت کر رہی ہے۔
امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ میڈیا اینڈ ٹیکنالوجی گروپ، جو ٹروتھ سوشل نامی پلیٹ فارم چلاتا ہے، نیویارک اسٹاک ایکسچینج کی مالک کمپنی انٹرکانٹینینٹل ایکسچینج کے تعاون سے چلنے والے بکٹ کے ایک آل اسٹاک معاہدے کے قریب ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹرمپ کی کمپنی کے بکٹ خریدنے کی خبریں اور بلیک راک کے بِٹ کوائن ای ٹی ایف پر نیسڈیک میں پہلے دن کی آپشنز ٹریڈنگ کے اثرات نے بِٹ کوائن کی قیمت کو نئی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔
کاروباری افراد کا خیال ہے کہ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حکومت کرپٹو کرنسیوں کے لیے ایک دوستانہ ماحول فراہم کرے گی، جس سے اس شعبے میں نئی جان آ سکتی ہے۔ اس وقت کرپٹو مارکیٹ کی کل قدر 3 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جو کہ ایک ریکارڈ سطح ہے۔