وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب میں موسم سرما کی تعطیلات کے حوالے سے اعلان جلد متوقع ہے۔
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے موسم سرما کی تعطیلات کے شیڈول کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔ عام طور پر ایف ڈی ای کی جانب سے انتہائی سرد موسم کے دوران ایک ہفتے کی تعطیلات دی جاتی ہیں۔
تاہم رواں سال سردی میں تاخیر کے باعث امکان ہے کہ موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے 29 دسمبر تک ہوں گی اور اسکول 30 دسمبر کو دوبارہ کھلیں گے۔ یہ بھی امکان ہے کہ تعطیلات میں 31 دسمبر تک توسیع کی جائے اور اسکول یکم جنوری 2025 کو دوبارہ کھلیں گے۔
موسم سرما کی تعطیلات کے بعد فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے اسکولوں کے تدریسی اوقات پر نظر ثانی کیے جانے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں محکمہ اسکولز ایجوکیشن کی جانب سے بھی موسم سرما کی تعطیلات کا اعلان جلد متوقع ہے۔ پنجاب میںسخت موسمی حالات کے پیش نظر دسمبر میں اسکول 2 ہفتوں کے لیے بند رہتے ہیں۔
اس سال بھی موسم سرما کی تعطیلات 21 دسمبر سے شروع ہونے کا امکان ہےاور اسکول یکم جنوری 2025 کو دوبارہ کھلیں گے۔ تاہم حتمی فیصلہ موسم کی موجودہ صورتحال پر منحصر ہوگا۔
پنجاب میں دسمبر کے دوران اکثر دھند اور درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوتی ہے، جس سے طلبہ کے لیے اسکول آنا مشکل ہو جاتا ہے۔ گزشتہ سال صوبائی حکومت نے ابتدائی طور پر 18 دسمبر سے 31 دسمبر تک تعطیلات کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں ان تعطیلات میں 9 جنوری 2024 تک توسیع کر دی گئی تھی۔