محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روزملک کے چند شہروں میں بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ شام یا رات کے وقت بالائی پنجاب، اسلام آباد، مری اور گلیات میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع کی جارہی ہے۔
ان علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی صورت میں درجہ حرارت میں کمی آ سکتی ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے چند میدانی علاقے اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ یا دھند چھانے کا خدشہ ہے، جس سے سفر میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر سموگ اور دھند کے دوران، جب نظر محدود ہو سکتی ہے۔پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ پنجاب کے میدانی علاقے اور بالائی سندھ میں سموگ یا دھند کی صورتحال برقرار رہی، جس سے فضائی معیار متاثر ہوا۔
آج ریکارڈ کی گئی کم سے کم درجہ حرارت: لہہ: منفی 09°C، اسکردو: منفی 07°C، استور، گلگت، گوپس: منفی 04°C، ہنزہ، کالام: منفی 02°C، دیر: منفی 01°C۔ موسم کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کو خاص طور پر برفباری اور بارش کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔