انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نےعمران خان کے وکلا کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کے لیے جیل سپرٹنڈنٹ کو احکامات جاری کر دیے۔
وکلاء کی درخواست پر عدالت نے ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک، غلام حسنین سنبل اور راجہ متین کی ملاقات کے لیے احکامات صادر کیے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری عدالتی احکامات کے ساتھ اڈیالہ جیل روانہ ہوگئے ہیں، جہاں وہ عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ تاہم عدالت نے اس بات کی وضاحت کی کہ ملزم اس وقت عدالتی تحویل میں نہیں ہے بلکہ راولپنڈی پولیس کی تحویل میں ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ وکلاء عمران خان کا حالیہ جسمانی ریمانڈ چیلنج کرنا چاہتے ہیں، اس لیے انہیں تفتیشی افسر سے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ وہ مزید قانونی اقدامات کے بارے میں مشاورت کر سکیں۔ عدالت نے سپرٹنڈنٹ جیل کو ہدایت کی ہے کہ وکلاء کو تھانہ نیو ٹاؤن کے مقدمے کے تفتیشی افسر تک رسائی فراہم کی جائے۔