پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔
عدالت نے دونوں رہنماؤں کو 21 دسمبر تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب اور فیصل امین کی راہداری ضمانت درخواستوں پر سماعت جسٹس شکیل احمد نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے خلاف اسلام آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
جس پر جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ ملک کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور مسائل کو پارلیمان میں بیٹھ کر حل کرنا چاہیے۔
جسٹس شکیل احمد نے مزید کہا کہ جب کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آتا ہے تو اس کا نقصان ملک کو ہوتا ہے اور اگر کوئی سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوتا ہے تو وہ بھی اس ملک کا بیٹا ہے۔ عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پر زیادہ ذمہ داری ہے کیونکہ آپ اپوزیشن لیڈر ہیں۔ حکومت کو بھی اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور مسائل کا حل مل بیٹھ کر نکالنا چاہیے
پشاور ہائیکورٹ نے عمر ایوب اور فیصل امین گنڈا پور کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو 21 دسمبر تک راہداری ضمانت فراہم کر دی۔