اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے مرکزی قیادت کے خلاف وائٹ پیپر تیار کرنے اور اسے بانی پی ٹی آئی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سمیت مرکزی قیادت پر الزامات عائد کیے ہیں۔ حلیم عادل شیخ نے کور کمیٹی میں کہا کہ “ہمارے نام ایف آئی آر میں ہیں لیکن بیرسٹر گوہر ہر بار بچ نکلتے ہیں، ہمیں بتایا جائے کہ ان کے پیر کون ہیں، انہیں تعویذ کون دیتا ہے؟، اس پر شعیب شاہین نے جواب دیا کہ “ہمیں بھی بتائیں، ہم بھی وہاں سے تعویذ لے لیتے ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ “ہم پر ایف آئی آرز ہورہی ہیں لیکن مرکزی قیادت اس سے آزاد ہے۔ کور کمیٹی ممبران نے مرکزی قائدین کو کشیدگی کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر نہ گراونڈ پر تھے نہ ہی قائدانہ کردار ادا کیا۔ حلیم عادل شیخ نے یہ بھی کہا کہ “ہر بار ہم پر ہی ایف آئی آر ہوتی ہے اور ورکرز ہی پھنستے ہیں۔” علی محمد خان نے اس حوالے سے آڈیو بیان میں کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت اس وقت مذاکرات میں مصروف تھی۔