ملکہ کوہسار مری میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کے امکانات ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برف باری کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے، تاہم انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں پر نمک کا چھڑکاؤ اور ہیوی مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے اور کہا ہے کہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے اور سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے 13 فسیلیٹیشن مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو تاکید کی ہے کہ سفر پر روانہ ہونے سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں۔ شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ تمام ادارے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ ملکہ کوہسار مری میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا سامنا نہ ہو۔