ملک بھر میں سردی کے ڈیرے، آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برف باری، پہاڑوں پر دو فٹ سے زائد برف گرنے کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری، ضلع استور میں برف باری سے نظامِ زندگی متاثر جبکہ خیبر پختونخوا میں بابو سرٹاپ، نانگا پربت اور بٹو گاہ میں برف باری ہوئی۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی شدید سردی، بلوچستان میں کوئٹہ، قلات، چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین اور زیارت سمیت صوبے بھر میں شدید سردی کے باعث پانی پائپوں میں جم گیا۔
پہاڑی تودا گرنے سے گلگت اسکردو روڈ بند ہے، کراچی میں بھی سردی، پارہ 11 ڈگری تک گرگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا، سردی کی موجودہ لہر 15 دسمبر تک برقرار رہے گی جبکہ کشمیر اور گلگت میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
ادھر پاکستان کے آلودہ شہروں میں لاہور کا آج پہلا نمبر ہے، جہاں صبح سویرے ایئر کوالٹی انڈیکس 253 ریکارڈ کیا گیا۔