قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم کے بعد محمد عرفان نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے ریٹائرمنٹ کا اعلان فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر کیا جس میں انہوں نے ساتھی کھلاڑیوں اور تمام کوچز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انسٹا پوسٹ پر محمد عرفان نے لکھا کہ ناقابل فراموش یادوں اور سپورٹ پر شکر گزار ہوں۔
واضح رہے کہ محمد عرفان نے 4 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 22 ٹی 20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے، انہوں نے ٹیسٹ میں 10، ون ڈے میں 83 اور ٹی 20 میں 16 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عماد وسیم نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا ، عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر پیغام میں لکھا تھا کہ بڑی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا بہت بڑا اعزاز ہے۔
عماد وسیم نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ میں ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ میں اپنا سفر جاری رکھوں گا۔
بعدازاں فاسٹ باؤلر محمد عامر نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، عماد وسیم کی طرح محمد عامر نے بھی ملک کی نمائندگی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لی تھی۔