جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سینیٹر شبلی فراز، کنول شوذب اور دیگر 14 ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
19 دسمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کی زیر نگرانی اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزمان میں شہریار آفریدی، شبیراعوان، لطاسب ستی، عمر تنویر بٹ، تیمور مسعود ملک، سعد علی خان، سکندر زیب، فہد مسعود، زوہیب آفریدی اور راجہ ناصر محفوظ شامل ہیں۔ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا، جس کے بعد عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی۔
یہ کیس 113 ملزمان کے خلاف ہے، جن پر فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف بھی فرد جرم کی درخواست پر سماعت 20 دسمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں ہوگی۔
علی امین گنڈا پور نے غلام حسنین سنبل کو اپنے وکیل مقرر کر دیا ہے، جو 9 مئی کے 12 مقدمات میں ان کی نمائندگی کریں گے۔
دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے 4 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں شاہ محمود قریشی اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کے خلاف جیل ٹرائل کی سماعت کی۔ عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں جاکر سماعت کی اور مغلپورہ کے جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں دو گواہوں کے بیانات قلمبند کیے۔ باقی مقدمات کی سماعت 12 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔