قلات شہر اور گرد و نواح میں سائبرین ہواؤں کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
درجہ حرارت منفی سات ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا ہے، شدید سردی میں سوئی گیس بھی بند، بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کے مسائل میں اضافہ کردیا۔
قلات میں سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے آدھی سے زائد آبادی علاقہ چھوڑ کر گرم علاقوں کی طرف چلی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی سات ریکارڈ کیا گیا ہے اور اگلے چند روز تک خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں موسم خشک اور سرد رہے گا،صوبے کے بالائی اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا،پشاور، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی اور ڈی آئی خان میں دھند چھائی رہے گی۔
پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، سوات اوردیر میں پارا نقطہ انجماد سے گر گیا، کالام اور دیر میں درجہ حرارت منفی 4 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ رات پارہ منفی پر پہنچ گیا تھا، چترال، مالم جبہ اور پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔