پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سید عمران احمد کا کہنا ہے کہ شدید دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے بابو صابو تک دھند کی وجہ سے بند، موٹروے ایم 5 شیر شاہ ملتان سے ظاہر پیر تک، موٹروے ایم 3 فیض پور سے ننکانہ صاحب تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی گئی ہے۔
موٹروے ایم 4 عبد الحکیم سے ملتان تک اور سیالکوٹ موٹروے لاہور سے سمبڑیال تک بند کی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز شہریوں کی حفاظت کیلئے بند کی جاتی ہیں، آئی جی راجہ رفعت مختار کی ہدایات پر موٹروے پولیس کی لین وائلیشن کے خلاف مہم جاری ہے ، دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت دی کہ وہ دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں، کیونکہ صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں سفر کے لیے بہترین اوقات ہیں، مزید یہ کہ ڈرائیوروں کو آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے اور عوام سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان نے کہا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں، موٹروے پولیس نے عوام کو معلومات اور مدد کے لیے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔