پاکستان کی مشہور اداکارہ نیلم منیر نے اپنی زندگی کے نئے باب کا آغاز کردیا، مداحوں کے ساتھ نکاح کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
اداکارہ کی اس خوشخبری نے ان کے چاہنے والوں کو حیران اور خوش کردیا، لیکن ساتھ ہی ان کی ذاتی زندگی پر چہ مگوئیاں بھی شروع ہوگئیں۔ نیلم منیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شوہر کے ساتھ کچھ تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہیں دبئی کے مختلف مقامات پر خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ تصاویر کے کیپشن میں انہوں نے شادی کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے دعا کی درخواست کی اور کہا کہ وہ ایک نئی زندگی کا آغاز کر رہی ہیں۔
شادی کی تقریب انتہائی نجی رکھی گئی، جس میں قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ نے شرکت کی۔ نیلم کی شادی کی خبر پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔ جہاں کچھ مداحوں نے انہیں نئی زندگی کے لیے نیک تمنائیں دیں، وہیں کچھ افراد نے مزاحیہ انداز میں ان کے فیصلے پر تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا، ’’نیلم نے ’حبیبی کم ٹو دبئی‘ کو حقیقت میں تبدیل کردیا۔‘‘
اداکارہ نیلم کا عروسی لباس مشہور فیشن برانڈ Baroque نے تیار کیاہے۔ جوڑے سے متعلق برانڈ کی ویب سائٹ پر دی گئی تفصیلات کے مطابق یہ خوبصورت عروسی لباس سفید شیفون فیبرک پر ہینڈ ایمبرائیڈری کے ساتھ بڑی خوبصورتی کے ساتھ تیار کیا گیاہے، سوٹ کو وائٹ پرلز ، بیڈز سمیت اسی رنگ کے سیکوئنسز سے مزین کیا گیا ہے۔ویب سائٹ پر اس خوبصورت سوٹ (سلے ہوئے) کی قیمت 49 ہزار900 درج ہے جبکہ ان سلے (unstitched) سوٹ کی قیمت 29 ہزار 900 روپے بتائی جا رہی ہے۔
اس حوالے سےمشہور یوٹیوبر یاسر شامی نے نیلم منیر کی شادی کے حوالے سے ایک ویڈیو میں کئی انکشافات کیے ہیں۔ ان کے مطابق نیلم منیر کے شوہر کا نام محمد راشد ہے، جو دبئی پولیس کے سی آئی ڈی ڈپارٹمنٹ میں خدمات انجام دیتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ دونوں کی پسند کی شادی گزشتہ ماہ ہوئی ہے۔
یوٹیوبر نے مزید بتایا کہ دبئی پولیس میں ملازمت کرنے والے اہلکاروں کی تنخواہ ان کے تجربے کی بنیاد پر مختلف ہوتی ہے۔ اگر کسی اہلکار کا تجربہ 2 سے 3 سال ہو تو وہ تقریباً 13 ہزار درہم (تقریباً 10 لاکھ پاکستانی روپے) ماہانہ کماتا ہے، جبکہ 5 سے 8 سال کے تجربے پر تنخواہ 13 سے 18 ہزار درہم (13 سے 14 لاکھ روپے) تک بڑھ سکتی ہے۔ 8 سے 10 سال کے تجربے کے حامل پولیس اہلکاروں کی تنخواہ 22 ہزار درہم (16 سے 17 لاکھ پاکستانی روپے) تک پہنچ جاتی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ نیلم منیر کو دبئی کے شاپنگ مالز میں نمایاں ڈسکاؤنٹ ملنے کا امکان ہے۔
دبئی عام طور پر غیر ملکی خواتین کو شادی کے بعد شہریت نہیں دیتا، لیکن انہیں گولڈن ویزہ فراہم کیا جاتا ہے، جو مستقبل میں مستقل رہائش کے لیے شہریت میں تبدیل ہوسکتا ہے۔ مزید برآں اگر ان کے بچے ہوں گے، تو انہیں دبئی کی شہریت حاصل ہوگی۔