پشاور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر پر فرد جرم عائد کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اسد اللہ نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کیس میں نامزد پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر کامران بنگش کی مقدمے کی سماعت کی۔ عدالت نے کامران بنگش پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزم نے صحت جرم سے انکار کردیا۔
پراسیکیوشن کے مطابق تھانہ چمکنی پولیس نے پی ٹی آئی کے روپوش رہنماء مراد سعید کی گرفتاری کیلئے کامران بنگش کے حجرے پر چھاپہ مارا تھا۔ چھاپے کے دوران کامران بنگش اور دیگر ساتھیوں نے پولیس پارٹی فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ سے دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔
واقعہ 20 دسمبر 2023 کو پیش آیا تھا۔ پولیس نے کامران بنگش اور دیگر کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات مکمل کرکے چالان عدالت میں پیش کردی ہے۔ عدالت نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد ملزم کے خلاف باقاعدہ ٹرائل شروع کردیا۔
بعد ازاں عدالت نے اگلی سماعت پر استغاثہ گواہان طلب کرتے ہوئے مقدمے کی مزید سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔