وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کیلئے بجلی سستی کرنے کا عندیہ دے دیا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر قیادت کابینہ کمیٹی برائے توانائی میں خصوصی صنعتی زونز کے لیے یکساں ٹیرف کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں یہ بات سامنے آئی کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے توانائی کے گردشی قرضے میں 12 ارب روپے کی کمی ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو کم لاگت، ماحول دوست اور تسلسل سے بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، صنعتوں کو یکساں ٹیرف پر بجلی کی فراہمی سے ملکی صنعتی ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوگا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیر قیادت اجلاس میں حکومت نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے خصوصی و صنعتی زونز کے لیے یکساں ٹیرف کی سفارش کو منظور کیا جبکہ خصوصی صنعتی زونز و صنعتی اسٹیٹس کو بجلی فراہمی کے لیے نئے نظام کی منظوری دی گئی۔
کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی نے آج پاور ڈویژن کی سمری پر انڈسٹریل اسٹیٹس اور اسپشل صنعتی زونز کو ایک پوائنٹ پر بجلی فراہمی اور ان کے انتظامیہ کو خود کنکشن دینے، بل اکٹھا کرنے اور دیگر معاملات نمٹانے کی اجازت دے دی۔
وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 4 فیصد اضافے کے بعد رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں بجلی شعبے کی وصولیاں 96 فیصد پر پہنچ گئی ہیں، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں بہتری کے بعد نقصانات کی مد میں 53 ارب روپے کی کمی آئی، بجلی کی مجموعی پر قیمت میں رواں مالی سال 4.64 روپے کی کمی کی گئی جو کہ اصلاحات کے بعد ممکن ہوا۔