محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، خطہ پوٹھوہار، کشمیر، مری اور گلیات میں تیز ہوائیں، جھکڑ چلنے کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔
آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع ، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دُھند چھائے رہنے جبکہ اس دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد اورمطلع جزوی ابر آلود رہا جبکہ پنجاب کے بیشتر اضلاع اور بالائی سندھ میں درمیانی سے شدید دُھند چھائی رہی۔
محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہفتہ کی رات اوراتوار 19 جنوری کی صبح چاغی، نوشکی، خاران، پشین ،قلعہ عبداللہ اور کوئٹہ میں بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا اندیشہ ہے۔
اس دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سڑکوں کے بند ہونے اور پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہو سکتی ہے۔