جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے مزید سوالات اور شک و شبہات سامنے آئیں گے، زرتاج گل

جوڈیشل کمیشن نہ بنانے سے مزید سوالات اور شک و شبہات سامنے آئیں گے، زرتاج گل

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما زرتاج گل نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن نہیں بناتی، تو اس کا مطلب ہے کہ حکومت مذاکرات سے بھاگ رہی ہے اور حقائق کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے یہ بات آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو کے دوران کہی۔

زرتاج گل کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو انصاف پاکستانی عدالتوں سے ملے گا اور یہ بات سب کو معلوم ہونی چاہیے کہ عمران خان دوبارہ ووٹ کے ذریعے منتخب ہو کر وزیراعظم بنیں گے۔ انہوں کہا کہ جب حکومت جوڈیشل کمیشن نہ بنائے اور 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعات پر پردہ ڈالنے کی کوشش کرے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت لاشوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے اور کسی نہ کسی کی پردہ داری ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں : طارق فضل چوہدری

انہوں نے مزید کہا کہ 26 نومبر کے واقعات میں جو شہادتیں ہوئیں، ان پر حکومتی خاموشی ان کے موقف کو تقویت دیتی ہے کہ واقعی شہادتیں ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب اس قسم کی حقیقتیں سامنے آتی ہیں، تو جوڈیشل کمیشن ہی اس کا صحیح فیصلہ کرسکتا ہے اور اس پر تحقیقات ہونے چاہیئے۔

زرتاج گل نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری کے بعد پاکستان کی سیاست اور بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کا بانی پی ٹی آئی سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو پاکستان ہی میں انصاف ملے گا اور وہ اپنے عوام کی حمایت سے دوبارہ منتخب ہو کر وزیراعظم بنے گا۔

پی ٹی آئی کی رہنما کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے جوڈیشل کمیشن نہ بنانا ایک اہم موقع سے بچنے کی کوشش ہے اور اس سے عوام کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ حکومت حقیقت کو سامنے لانے سے گریز کر رہی ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ حکومت کے اس عمل سے ان کے موقف کو مزید تقویت ملتی ہے کہ حقیقت کو چھپایا جا رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *