پاراچنار: ضلع کرم کی تمام شاہراہیں بند ہونے کی وجہ سے اشیائے خوردنی کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے پاراچنار میں مہنگائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔
.ذرائع کے مطابق حالیہ اطلاعات کے مطابق مٹر 500 سے 600 روپے فی کلو، پیاز 650 روپے اور ٹماٹر 500 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہے ہیں۔
ٹل پاراچنار مرکزی شاہراہ، افغان سرحد اور دیگر راستے گزشتہ چار ماہ سے بند ہیں، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی کمی نے شہر میں مہنگائی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر 61 ٹرکوں پر مشتمل امدادی کانوائے پاراچنار پہنچا دیا گیا ہے، جس میں سبزیوں، فروٹ، آٹا، چینی، گھی اور دیگر ضروری خوراکی اشیاء شامل ہیں۔
صدر ٹریڈ یونین حاجی امداد کا کہنا ہے کہ موجودہ امدادی سامان پاراچنار کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے اور کانوائے بھیجنے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں غیرمعمولی طور پر بڑھ گئی ہیں اور اب ان کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سبزیوں کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کو فعال کیا جائے تاکہ غریب افراد کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔