پاکستان تحریک انصاف نے 8 فروری کو لاہور میں جلسہ اور احتجاج کا اعلان کردیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بچھر نے کہا کہ تحریک انصاف لاہور میں نہ صرف ایک جلسہ کرے گی بلکہ احتجاج بھی ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب اور لاہور کے لیے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے اور فیصلہ کیا گیا ہے کہ 8 فروری کو ملک بھر میں کیا ہونا ہے، اس کا اعلان 7 فروری کو کیا جائے گا۔
ملک احمد خان نے یہ بھی کہا کہ پولیس اور دیگر فورسز کے تمام وسائل ہمارے خلاف استعمال ہوتے ہیں، اس لیے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن تحریک انصاف اپنے حق کی لڑائی بھرپور طریقے سے لڑے گی اور جب بھی موقع ملے گا، اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے گا۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی صوبائی صدارت سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق علی امین گنڈاپور نے جنید اکبر خان کو خیبر پختونخوا کا نیا صدر نامزد کرنے کے بعد بطور صدر پی ٹی آئی اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو بھجوایا، جنہوں نے استعفیٰ قبول کرلیا اور نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا۔ واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ ہفتے جنید اکبر خان کو پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کا نیا صوبائی صدر نامزد کیا تھا۔