مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی گھروں کو پہنچ گئے،متعدد گینگ بے نقاب

مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچنے والے 8 پاکستانی گھروں کو پہنچ گئے،متعدد گینگ بے نقاب

مراکش کشتی حادثے میں زندہ بچ جانے والے 8 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے، جبکہ اس کیس میں ملوث دو اسمگلرز گرفتار کر لیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مراکش کشتی حادثے کے مزید 8 متاثرین گوجرانوالہ کے علاقے سے وطن واپس پہنچےہیں۔ ان مسافروں کی شناخت محمد افضل، محمد عدیل، عرفان احمد، ارسلان، غلام مصطفی، بدر محی الدین، مجاہد علی اور تصویر احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

ان مسافروں کا تعلق مختلف شہروں سے ہے جن میں شیخوپورہ، سیالکوٹ، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور جہلم شامل ہیں۔ ان کی عمریں 21 سے 41 سال کے درمیان ہیں۔ یہ مسافر اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ نمبر QR614 کے ذریعے واپس پہنچے ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ مسافروں نے غیر قانونی طریقے سے اسپین جانے کی کوشش کی تھی، جس کے لیے انہوں نے ایجنٹوں سے لاکھوں روپے ادا کیے تھے۔

ان ایجنٹوں نے شہریوں کو وزٹ ویزے پر دبئی، ایتھوپیا اور بعد ازاں سینیگال بھیجا، جہاں سے سمندر کے راستے اسپین جانے کی کوشش کی گئی۔ اس دوران ایجنٹوں نے متاثرین کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔

اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور نے بھی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے دو انسانی اسمگلروں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے ایک ملزم مراکش کشتی حادثے میں ملوث پایا گیا۔

گرفتار ملزم عمر حیات نے سمندر کے ذریعے شہریوں کو یورپ بھجوانے کے لیے 57 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔ دوسرے ملزم محمد نعیم نے سعودی عرب میں ملازمت کا جھانسہ دے کر شہریوں سے 21 لاکھ روپے بٹورے تھے اور پھر روپوش ہوگیا تھا۔

ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بیرون ملک جانے کے لیے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی سے رابطہ کریں اور اپنے ذاتی دستاویزات غیر متعلقہ افراد کو نہ دیں۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *