اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے آرمی چیف کے نام اوپن لیٹر لکھ دیا ہے جس میں انہوں نےافواج پاکستان کی قربانیوں کے علاوہ فوج اور عوام کے درمیان پیدا شوہ خلیج کو کم کرنے کی درخواست کی ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان نے آرمی چیف کو بطور سابق وزیر اعظم ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں عمران خان نے فوج اور عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلے کی وجوہات بیان کی ہیں اور اس معاملے پر آرمی چیف سے پالیسیوں پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ خط میں عمران خان نے واضح طور پر یہ لکھ دیا ہے کہ فوج اور عوام کے درمیان فاصلے کو مزید بڑھنے سے بچانا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خط میں افواج پاکستان کی قربانیوں کا تذکرہ کیا گیا ہے اور 26ویں آئینی ترمیم اور فراڈ الیکشن کو فوج اورعوام کے درمیان اس خلیج کی وجوہات قراردیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے میڈیا کے سامنے آج اس خط کی تفصیل کو پیش کیا ہے اور کمرہ عدالت میں نو صحافیوں کو بھی اس خط کی تفصیل سے آگاہ کیا ہے۔ گوہر خان نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی کا مقصد انتشار نہیں ہے اور پارٹی فوج کو اپنا حصہ سمجھتی ہے۔