آئی ایم ایف کے ریزیڈنٹ چیف نے کہا ہے کہ قرضوں کابوجھ پاکستان کے لئے چیلنج ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ریٹیل بزنس کونسل کے زیراہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کے دوران پاکستان میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے ریزیڈنٹ چیف ماہیر بنجی نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادیات کو سنگین چیلنجز کا سامنا قرضوں کےبوجھ کی وجہ سے ہے۔
جس کی بنیادی وجہ ملک میں ٹیکس جمع کرنے کی صلاحیت میں کمی اور آمدن پیدا کرنے میں ناکامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا بڑا دباؤ روایتی شعبے پر ہے، رسمی شعبے پر مالی بوجھ کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ کئی مخصوص سیکٹرزملکی خزانے میں اپنا حصہ نہیں ڈال رہے۔
دوسری طرف بزنس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت بے جا مراعات کا متحمل نہیں ہو سکتا، رائٹ سائزنگ کا مکمل پلان تیار کرلیا ہے، معیشت میں ریٹیل سیکٹر کا حصہ 19 فیصد جبکہ ٹیکسوں میں 1 فیصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت استعمال کرکے ٹیکس نیٹ بڑھائیں گے، مینو فیکچرنگ خدمات اور تنخواہ دارطبقے پر ٹیکسوں کابوجھ غیر متناسب ہے، تمام شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہوگا، زراعت ،رئیل اسٹیٹ اور ریٹیل کے شعبوں کوبھی اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔