پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کو خبر دار کیا ہے کہ پٹرولیم سیکٹر ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے ور نہ ہڑتال اور احتجاج سےایک قدم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے پٹرولیم ڈیلرز نے حکومت کا پٹرولیم سیکٹر ڈی ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ ریجیکٹ کر دیا ہے ۔ اس حوالے سے چیئرمین پٹرولیم ڈیلرز عبدالسمیع خان نے حکومت کو خبردار کیا کہ پٹرولیم سیکٹر ڈی ریگولیٹ کرنےسے متعلق فیصلہ فوری واپس لیا جائے ۔
عبدالسمیع خان نے کہا کہ ڈی ریگولیٹ سے ملاوٹی تیل میں اضافہ اورسمگلنگ بڑھے گی، انہوں نے اقدام کی شدید مخالفت کرتے ہوئےفیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کر دیا۔انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ پٹرولیم کے وزیر معاملے پر پی پی ڈی اے کے وفد کے سا تھ میٹنگ بلائیں۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ڈی ریگولیٹ کرنے کا پلان بنایا ہے، پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومتی منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر پٹرولیم مصدق ملک کو خط لکھا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ ڈی ریگولیشن سے ملک میں سمگل ایرانی آئل کی فروخت میں اضافہ ہو گا۔
ملک میں غیرمعیاری تیل کی فروخت بھی بڑھے گی ، ڈیلرز کے ملک بھر میں 15 ہزار سے زائد پمپس ہیں۔ منصوبے کے تحت آئل مارکیٹنگ کمپنیاں مسابقتی نرخوں پر ایندھن بیچ سکیں گی تاکہ وہ اپنی مارکیٹ شیئر میں اضافہ کر سکیں ۔