پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے رہنماسردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی کیلئے آئین پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر حاضری دینے کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سےبات چیت کے دوران لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ آئین کو کاغذ کا صرف ایک ٹکڑا سمجھ لیا گیا ہے، ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کر نے کے لیے آئین پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے کہا تھا کہ عوام ہی حکمران ہیں ہمارے ہاں بے راہ روی آگئی ہے، کچے اور پکے کے ڈاکوؤں نے دھرتی ماں کو ڈھانچہ بنا کر رکھ دیا ہے۔ لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ 180 سیٹیں جیتنے والا اڈیالہ جیل میں اور 17 سیٹیں جیتنے والا پرائم منسٹر ہے، اس سے پہلے ایسا ظلم کبھی نہیں دیکھا۔