گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد ائیر پورٹ کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم اور صدر کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا نام تبدیل کرکے بے نظیر بھٹو انٹرنیشنل ائیر پورٹ رکھنے کی درخواست کی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے خط میں کہا کہ 21 جون 2008 کو اس وقت کے وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا نام محترمہ بینظیر بھٹو کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا تھا، جو ملک و قوم کے لیے ان کی بے مثال قربانیوں کا اعتراف تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ 9 اگست 2008 کو سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے باضابطہ طور پر اعلامیہ جاری کیا تھا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ عوامی مطالبے کے پیش نظر متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کریں تاکہ بے نظیر بھٹو کی قربانیوں کو سرکاری سطح پر دوبارہ تسلیم کیا جا سکے۔