یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

یورپ جانے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے خوشخبری

یورپی یونین نے پاکستان میں ہنرمند افراد کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور انہیں یورپی منڈیوں کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے خصوصی اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

یورپی یونین کے پروگرام کا مقصد پاکستانی مزدوروں کو یورپ میں روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔ ’خواہش مند پاکستانی تارکین وطن کے لیے محفوظ ہجرت کے راستے‘ کے عنوان سے منعقدہ ایک مکالمے کے دوران یورپی یونین کے ایک سینئر عہدیدار نے اس پروگرام کے حوالے سے تفصیلات شیئر کیں۔

مزید پڑھیں: دبئی کا گولڈن ویزا حاصل کرنے کا سب سے مقبول طریقہ سامنے آگیا

پاکستان میں یورپی یونین کے وفد کے نائب سربراہ فلپ اولیور گراس نے بتایا کہ یورپی منڈیوں میں ہنرمند کارکنوں کی کمی ہے اور اس خلا کو پُر کرنے کے لیے پاکستانی مزدوروں کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ گراس نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ منظم ہجرت کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب ہنرمند افراد بیرون ملک کام کے مواقع حاصل کرتے ہیں، تو اس سے نہ صرف ان کی زندگی میں بہتری آتی ہے بلکہ میزبان ممالک کو بھی معاشی فائدہ ہوتا ہے۔ تاہم، انہوں نے اس چیلنج کو بھی تسلیم کیا کہ بہت سے پاکستانی تارکین وطن یورپی منڈیوں کے تقاضوں پر پورا نہیں اترتے، جس کی وجہ سے انہیں مناسب مواقع نہیں مل پاتے۔

اس سلسلے میں یورپی یونین نے اپنے ’ٹیلنٹ پارٹنرشپ پروگرام‘ پر بھی روشنی ڈالی، جس کا مقصد پاکستانی افرادی قوت کو یورپی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تربیت دینا ہے۔ اس پروگرام کے تحت پیشہ ورانہ تربیت، مائیگریشن گورننس، اور دوبارہ انضمام کے اقدامات کو فروغ دیا جائے گا۔

یورپی یونین نے اس مقصد کے لیے 2021 سے 2027 تک کے دوران 20 ملین یورو کی خطیر رقم مختص کی ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *