حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ، لین دین موبائل ایپ کے ذریعے ہوگا

حکومت کا ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ، لین دین موبائل ایپ کے ذریعے ہوگا

حکومت نے نیشنل سیونگز اسکیمز خصوصاً پرائز باؤنڈ کے لین دین کو محفوظ اور کم خرچ بنانے کے لیے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ان پرائز بانڈز کا لین دین موبائل ایپ کے ذریعے ہوگا۔ انعامی رقم قابل ٹیکس ہوگی لیکن زکوٰۃ سے مستثنیٰ ہوگی۔

فنانس ڈویژن نے سینٹرل ڈائریکٹوریٹ نیشنل سیونگز (سی ڈی این ایس) کو ہدایت کی ہے کہ وہ بیئرر پرائز بانڈز کی بندش سے پیدا ہونے والے خلا کو پورا کرنے کے لیے ڈیجیٹل پرائز بانڈز متعارف کرائے۔

حکومت کی جانب سے یہ اقدام اس لیے خوش آئند ہے کہ اس کی نوعیت پیپر لیس ہوگی جس سے پرنٹنگ اور لاجسٹکس سے متعلق اخراجات ختم ہو جائیں گے۔ مزید  یہ کہ ڈیجیٹل پرائز بانڈ خریدار کے نام سے رجسٹرڈ ہوگا، جس کے چوری ہونے یا کسی دوسرے نقصان کا خطرہ نہیں ہوگا۔

فنانس ڈویژن کی پالیسی کے مطابق ڈیجیٹل پرائز بانڈز معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور شفافیت اور احتساب کو بڑھانے کی طرف ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ اس سے خریداری اور فروخت دونوں تک رسائی آسان ہو جائےگی۔

وزارت خزانہ کی جانب سے مجاز فورمز سے منظوری کے لیے تیار کی گئی سمری اور سرکاری دستاویزات کے مطابق فنانس ڈویژن کی جانب سے ابتدائی طور پر 500، 1000، 5000 اور 10000 روپے کے ڈیجیٹل پرائز بانڈز وقتاً فوقتاً نوٹیفکیشن کے مطابق جاری کیے جائیں گے۔

ملکی شہری ان پرائز بانڈز کو نیشنل سیونگز موبائل ایپ یا ’سی ڈی این ایس‘ سے منظور شدہ کسی اور ذرائع سے خرید سکیں گے۔خریداری کے لیے ادائیگی ایک منسلک بینک اکاؤنٹ یا ’سی ڈی این ایس ‘ سیونگ اکاؤنٹ کے ذریعہ کی جائےگی۔

ڈیجیٹل پرائز بانڈ کو موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے ریڈیم کیا جائے گا اور اسے لنکڈ بینک اکاؤنٹ اور سی ڈی این ایس سیونگ اکاؤنٹ میں جمع کیا جائے گا۔

سرکاری دستاویز میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈیجیٹل پرائز بانڈز کی قرعہ اندازی سہ ماہی بنیادوں پر یا فنانس ڈویژن کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کے شیڈول کا اعلان سی ڈی این ایس کی جانب سے ہر کیلنڈر سال کے آغاز پر کیا جائے گا۔

انعامی رقم منسلک بینک اکاؤنٹ، یا سی ڈی این ایس سیونگ اکاؤنٹ نمبر میں جمع کی جائے گی اور ہر مالیت کے لیے انعامات کی رقم کا تعین فنانس ڈویژن کرے گا۔ یہ بھی ہے کہ انعامی رقم قابل ٹیکس ہوگی لیکن زکوٰۃ سے مستثنیٰ ہوگی۔

ڈیجیٹل پرائز بانڈ کا خریدار اپنے نام پر خریداری کر سکے گا اور بعدازاں وہ اسے تبدیل یا فروخت بھی کر سکے گا۔ ڈیجیٹل پرائز بانڈز رکھنے والے کی وفات کی صورت میں، متوفی کے بانڈ کی اصل رقم اور انعامی رقم جانشینی سرٹیفکیٹ کے مطابق اس کے قانونی وارثوں کو ادا کی جائے گی ۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *